حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، مجلس وحدت مسلمین پاکستان شعبہ خواتین کی سربراہ اور رکن پنجاب اسمبلی سیدہ زہرا نقوی کا کہنا ہے کہ سانحہ اے پی ایس پشاور پاکستان کی تاریخ کا بھیانک ترین دہشتگردی کا واقعہ ہے، جس میں معصوم بچوں سمیت 144 افراد اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔
اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ اس کربناک واقعے نے پوری قوم کو جھنجھوڑ ڈالا، چھ سال گزر جانے کے باوجود آج بھی آرمی پبلک سکول پشاور کے شہداء کی یاد میں دل خون کے آنسو روتا یے۔
درندہ صفت دہشتگرد جو کہ انسانیت کے دشمن ہیں نے بزدلانہ وار کرکے معصوم بچوں پر ظلم و ستم کی انتہا کر دی اور ایسی سفاکیت کا بازار گرم کیا کہ زمین کانپ اٹھی۔
انہوں نے کہا کہ ننھے بچوں کی اس عظیم قربانی نے قوم کو دہشتگردی کے خلاف یکجا کردیا۔ ان کا مزید کہنا تھا ملک دشمن عناصر کے لئے فوری اور کڑی سے کڑی سزا ہونی چاہیے تاکہ وہ نشان عبرت بن سکیں اور قوم کا کوئ بھی فرد اس بے دردی سے اپنے پیاروں سے جدا نہ ہو۔